اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر)یونین کونسل پیر بخش شرقی سے تعلق رکھنے والے آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کے معززین کے وفد نے پنجاب اسمبلی میں صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی سے ملاقات کی، جس میں علاقے کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفد نے بالخصوص اڈا چراغ شاہ سے ریخ باغ والا تا شاہ والی پل تک گزشتہ 30 برس سے خستہ حال سڑک کی تعمیر کی منظوری پر صوبائی وزیر معدنیات کا شکریہ ادا کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ اس سڑک کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

وفد کی قیادت آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک غلام شبیر بھوہڑ نے کی۔ اس موقع پر سردار شیر علی خان گورچانی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ علاقائی ترقی اور عوامی فلاح ان کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت اور تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ ان شاء اللہ 13 یا 14 فروری کو وہ مذکورہ سڑک کا باقاعدہ افتتاح کریں گے، جس کے بعد تعمیراتی کام کا عملی آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ملاقات میں آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک غلام شبیر بھوہڑ، ملک عمر فاروق بھوہڑ، ملک حاجی عبدالمجید بھوہڑ اور ملک حبیب اللہ بھوہڑ شریک تھے۔ وفد نے سردار شیر علی خان گورچانی کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور گورچانی گروپ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آخر میں آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک غلام شبیر بھوہڑ نے صوبائی وزیر معدنیات کا شکریہ ادا کیا جبکہ ملک عمر فاروق بھوہڑ نے سردار شیر علی خان گورچانی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے