ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر جواد اکبر):5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان صحافی اتحاد کے زیرِ اہتمام ڈیرہ غازی خان میں ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں صحافی برادری، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مظلوم کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان صحافی اتحاد کے مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی جبر، ظلم اور ریاستی تشدد کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی ایک جائز اور قانونی جدوجہد ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت دبا نہیں سکتی۔
ظفر اقبال کھوکھر نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر مؤثر اور بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے اور اس کے منصفانہ حل کے لیے عملی اور سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ کشمیری عوام کو بھارتی تسلط سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صحافی اتحاد مظلوم کشمیریوں کی آواز بن کر ہر فورم پر ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیر بھارتی قبضے سے آزاد ہو گا اور کشمیری عوام اپنی آزادی کی منزل حاصل کریں گے۔ اس موقع پر شرکاء نے “کشمیر بنے گا پاکستان”، “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، پاک فوج کی کامیابیوں اور مظلوم کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گئی، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کاز کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔