اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورورپورٹ):اوکاڑہ میں پولیس کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کانسٹیبل نے فائرنگ کرکے ایس ایچ او ستگھرہ کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ واقعے کے فوراً بعد ملزم کانسٹیبل موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔

ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے ڈرامائی انداز میں کانسٹیبل عبداللہ کو حراست میں لے لیا۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ملزم کو تفتیش کے لیے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فائر لگنے کے نتیجے میں ایس ایچ او ستگھرہ کے پیٹ میں گولی لگی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈی پی او محمد راشد ہدایت خود ہسپتال پہنچے، زخمی افسر کی عیادت کی اور ڈاکٹرز سے علاج معالجے اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

واقعے کے اصل حقائق اور محرکات جاننے کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن ملک داؤد کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کانسٹیبل عبداللہ کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی وجوہات اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے