بانڈہ(کیو این این ورلڈ) بھارتی بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بانڈہ کے ببیرو قصبے میں سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے کے جنون نے ایک ہنستی کھیلتی زندگی نگل لی۔ 27 سالہ موہنی، جو جگدیش نامی شخص کی اہلیہ تھیں، اپنے گھر کے کمرے میں انسٹاگرام ریل کے لیے پھانسی کا ایک ڈرامائی منظر فلمبند کر رہی تھیں۔ اس افسوسناک واقعے نے علاقے میں کہرام مچا دیا ہے اور سوشل میڈیا کے خطرناک رجحانات پر ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے۔
اہل خانہ کے مطابق موہنی کو سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے کا بے حد شوق تھا اور اس بار وہ ایک جذباتی یا ڈرامائی ریل ریکارڈ کرنا چاہتی تھیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے چھت کے ہک سے ساڑھی کا پھندا لٹکایا اور موبائل فون کو مناسب زاویے پر سیٹ کرنے کے بعد اسٹول پر کھڑی ہو گئیں۔ ابھی وہ ویڈیو ریکارڈ کرنے کی تیاری کر ہی رہی تھیں کہ اچانک ان کا توازن بگڑ گیا یا پاؤں پھسل گیا، جس کے نتیجے میں اسٹول نیچے گر گیا اور پھندا ان کی گردن کے گرد کس گیا۔
اس المناک حادثے کا انکشاف اس وقت ہوا جب موہنی کی چار سالہ معصوم بیٹی کمرے میں داخل ہوئی اور اپنی ماں کی لاش کو لٹکتے دیکھ کر دہل گئی۔ بچی کی دلدوز چیخوں پر جب اہل خانہ اور پڑوسی دوڑ کر کمرے میں پہنچے تو منظر دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی، جس پر بابیرو تھانہ پولیس اور ایس پی پلاش بنسل بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔
ابتدائی تفتیش اور موبائل فون کے معائنے کے بعد پولیس نے تصدیق کی ہے کہ یہ خودکشی کا واقعہ نہیں بلکہ ایک حادثہ ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور دم گھٹنے سے ان کا انتقال ہوا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ موت کے حتمی محرکات کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جا سکے۔