رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/لیاقت علی ) موبائل مارکیٹ میں سیل شدہ دکان کو غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کے الزام میں ایک شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ متاثرہ دکاندار نے میونسپل کمیٹی کے انفورسمنٹ انسپکٹر پر دہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، تقریباً ایک سال قبل پرانی سبزی منڈی رینالہ خورد کی اراضی پر دکانیں تعمیر کر کے ان کی نیلامی کی گئی تھی۔ چند ماہ بعد کرایوں کی عدم ادائیگی کی بنا پر ان دکانوں کو سرکاری طور پر سیل کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد دکانداروں نے مبینہ طور پر سیل شدہ دکانوں کو خود ہی کھول کر ان کا استعمال شروع کر دیا تھا، مگر انتظامیہ نے ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔
متاثرہ دکاندار سابق فوجی محمد اکرم کا کہنا ہے کہ انفورسمنٹ انسپکٹر کاشف شریف نے بلا تفریق کارروائی کرنے کی بجائے صرف انہیں نشانہ بنایا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ انہوں نے اس اقدام کو ذاتی عناد اور امتیازی سلوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر قانون کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرنا تھا تو تمام دکانداروں کے خلاف یکساں کارروائی ہونی چاہیے تھی۔
سابق فوجی محمد اکرم نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر ساہیوال، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ انتظامیہ کے دہرے معیار کا خاتمہ کر کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔