لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ) ڈی پی او خیبر کی خصوصی ہدایات پر لنڈی کوتل پولیس نے منشیات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں نشہ آور گولیاں برآمد کر لیں۔ یہ کارروائی ایس ایچ او لنڈی کوتل زاہد اللہ کی نگرانی میں اے ایس ایچ او حضرت حسین نے انجام دی۔

پولیس ذرائع کے مطابق دلخاد روڈ پر ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک شخص کو روکا گیا جس کی شناخت اویس ولد اعتبار جان، سکنہ لنڈی کوتل کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے جب ملزم کی تلاشی لی تو اس کے قبضے سے 986 عدد ممنوعہ نشہ آور "ایکسٹسی گولیاں” برآمد ہوئیں۔

پولیس نے برآمد شدہ منشیات کو قبضے میں لے کر ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ لنڈی کوتل میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ منشیات کی سپلائی لائن کا پتا لگایا جا سکے۔

علاقے کے مشران اور فلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے پولیس کی اس بروقت کارروائی کو بے حد سراہا ہے۔ انہوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوان نسل کو تباہ کرنے والے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے