اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد و امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ظلم کا جواب ریاست پوری قوت سے دے گی اور دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مسجد میں نماز ادا کرتے بے گناہ نمازیوں کو شہید کرنے والے دین، انسانیت اور وطن کے کھلے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملے میں ملوث خودکش دہشت گرد کا افغانستان آنا جانا ثابت ہو چکا ہے اور اس واقعے کے تانے بانے بیرونی عناصر سے جا ملتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ شواہد بھارت اور طالبان کے گٹھ جوڑ کی جانب اشارہ کر رہے ہیں، بھارت اپنی عبرت ناک شکست کے بعد اب پراکسیوں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ اس میں اب براہ راست جنگ لڑنے کی ہمت نہیں رہی۔

خواجہ آصف کے مطابق واقعے کے وقت سکیورٹی پر مامور گارڈز نے خودکش حملہ آور کو مسجد میں داخل ہونے سے روک کر چیلنج کیا، جس پر حملہ آور نے فائرنگ کی۔ بعد ازاں خودکش بمبار نے نمازیوں کی آخری صف میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔

وزیر دفاع نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوت کے ساتھ کھڑی ہے اور اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد و امام بارگاہ خدیجتُہ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 31 افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکے کے بعد پولیس، فوج اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ تمام زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے