میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ کی رہورٹ) یومِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے میہڑ میں ریونیو آفس سے ایک پرجوش ریلی نکالی گئی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر میہڑ غلام فاطمہ گھلو نے کی۔ ریلی میں مختیارکار پرویز احمد ملک، ڈی ایس پی غلام مرتضیٰ عباسی، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر ظفر علی گوڑڑ، نیاز علی کوسو اور آصف قادر تنیو سمیت مختلف محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ گھلو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج بے گناہ شہریوں، خواتین اور بچوں پر تشدد کر کے ان کی آواز دبانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کرفیو اور گرفتاریوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کیا جا سکتا۔ ریلی کے اختتام پر کشمیری شہداء کی بلندیِ درجات اور وادی کی جلد آزادی کے لیے دعا کی گئی۔