لاہور: (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان شاء اللہ کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے اور ان کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر کی محبت ہر پاکستانی کے دل میں لہو بن کر دوڑتی ہے، وہ کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں جنہوں نے جانوں کا نذرانہ دے کر حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کشمیری عوام سلام کے مستحق ہیں، بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خلاف اپنا قانونی اور اخلاقی کردار ادا کرنا چاہیے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر خطے میں دیرپا امن محض ایک خواب ہی رہے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیری عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کا سورج اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔