اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ترجمان پولیس اوکاڑہ نے ماہ جنوری 2026 کے لیے کرائم صورتحال کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران بہترین پولیسنگ اور موثر حکمت عملی کے نتیجے میں ضلع بھر میں سنگین جرائم کی شرح میں 65 فیصد تک نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس سے امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ماہ جنوری میں مختلف وارداتوں میں ملوث 9 خطرناک گینگز کا مکمل خاتمہ کیا گیا، جس کے دوران ان گینگز کے 28 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے کامیاب کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 1 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ بھی برآمد کیا ہے، جو قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن میں اوکاڑہ پولیس نے ملزمان سے 57 پسٹل، ایک کلاشنکوف، ایک ریوالور، 2 بندوقیں اور 173 گولیاں برآمد کیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران 85 ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جن کے قبضے سے 12 کلو چرس، 1600 گرام افیون اور 100 گرام آئس برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ 1539 لیٹر شراب، 150 لیٹر لہن اور 3 چالو بھٹیاں بھی پکڑی گئیں۔

اشتہاری اور عادی مجرمان کے خلاف بھی موثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 290 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سنگین جرائم میں ملوث اے کیٹیگری کے 55 اور بی کیٹیگری کے 235 اشتہاری مجرمان شامل ہیں۔ مزید برآں، 61 عدالتی مفروران اور 139 ٹارگیٹڈ آفینڈرز کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔

ترجمان پولیس نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ اوکاڑہ میں جرائم کی شرح میں مزید کمی لانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور قانون شکنی کرنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے