ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف بلاول سموں) سندھ کے مشہور و معروف بزرگ حضرت عبداللہ شاہ اصحابی کا 387واں تین روزہ سالانہ عرس مبارک مکلی میں عقیدت و احترام کے ساتھ شروع ہوگیا ہے، جس کا باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر اوقاف سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے درگاہ پر چادر چڑھا کر کیا۔ اس پروقار تقریب میں مینیجر اوقاف گل حسن چوہان، حنیف میمن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔ چادر چڑھانے کی رسم کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جبکہ زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے مزار پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ سندھ صوفی بزرگوں اور درویشوں کی سرزمین ہے جنہوں نے ہمیشہ محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیا ہے اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درگاہیں روحانی سکون کا مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارا قیمتی ثقافتی و مذہبی اثاثہ بھی ہیں، جہاں ہر سال لاکھوں زائرین اپنی روحانی پیاس بجھانے کے لیے کھچے چلے آتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹھٹھہ ایک پرامن ضلع ہے، تاہم زائرین کے تحفظ کے پیش نظر عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کی نگرانی کے لیے مزار کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے محکمہ اوقاف کی جانب سے قائم کردہ سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے واضح کیا کہ درگاہوں پر زائرین کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے میڈیکل کیمپ، صاف پینے کا پانی، وضو کے انتظامات، مسافر خانے اور لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا ہے، جبکہ درگاہ کے تقدس کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔