رحیم یار خان (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں اور اے ایس پی سرکل صادق آباد آغا انعام اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف جاری مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ صدر صادق آباد غازی ضیاء الحق خان چانڈیہ اور ان کی ٹیم نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران غیر قانونی اسلحہ سمیت ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک دوسری کارروائی میں چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر صادق آباد غازی ضیاء الحق خان چانڈیہ کی نگرانی میں اے ایس آئی غلام مصطفیٰ بھٹی اپنی ٹیم کے ہمراہ موضع روتی شریف کے قریب روڈ پر معمول کے گشت اور پڑتالِ جرائم میں مصروف تھے کہ اس دوران ایک مشکوک شخص پولیس پارٹی کو دیکھ کر گھبرا گیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور تعاقب کر کے مشکوک شخص کو گھیر کر قابو کر لیا۔
پولیس کی جانب سے ملزم کی تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پسٹل اور زندہ گولیاں برآمد ہوئیں۔ ملزم کی شناخت غلام شبیر ولد منظور احمد، قوم سولنگی، سکنہ بستی کوٹ سردار خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم برآمد ہونے والے اسلحہ کا کوئی قانونی لائسنس یا اجازت نامہ پیش کرنے میں ناکام رہا، جس پر پولیس نے اسلحہ قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 82/26 درج کر کے اسے حوالات منتقل کر دیا ہے۔
ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران تھانہ صدر صادق آباد کی ٹیم نے چوری شدہ موٹر سائیکل بھی ریکور کر لی ہے۔ پولیس نے قانونی ضابطے پورے کرنے کے بعد برآمد شدہ موٹر سائیکل اس کے اصل مالک سید آفتاب احمد کے حوالے کر دی۔ اپنی گمشدہ موٹر سائیکل واپس ملنے پر شہری نے خوشی کا اظہار کیا اور ضلعی پولیس کپتان عرفان علی سموں، اے ایس پی آغا انعام اللہ خان، ایس ایچ او غازی ضیاء الحق خان چانڈیہ اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ایس ایچ او تھانہ صدر صادق آباد غازی ضیاء الحق خان چانڈیہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و امان کا قیام اور غیر قانونی اسلحہ و منشیات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
