اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) برطانیہ، سعودی عرب اور قطر نے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں برطانوی ہائی کمیشن نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا، اور کہا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی پرتشدد کارروائیاں باعثِ تشویش ہیں۔ سعودی عرب نے ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نہایت مؤثر اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
دوسری جانب قطر نے بھی بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قطر ہر قسم کے تشدد، دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، چاہے ان کا مقصد یا پس منظر کچھ بھی ہو۔
قطری وزارتِ خارجہ نے دہشت گردی کے ان واقعات میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
سعودی عرب اور قطر کے بیانات کو عالمی سطح پر پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد کی حمایت اور اعتراف قرار دیا جا رہا ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کی قربانیوں اور سکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو بین الاقوامی برادری قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔