کوئٹہ: (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی بھارت نے کی، سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ ہم ایک ایک چیز کے پیچھے جائیں گے، دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے ماسٹرز کو بھی کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں اور ان کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کامیاب آپریشنز کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں نے منظم منصوبہ بندی کے تحت حملے کیے، تاہم سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کے ساتھ ان کا مقابلہ کیا۔ جو بھی دہشت گرد آیا وہ زندہ واپس نہیں گیا، فورسز نے دہشت گردوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر ہلاک کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ جان لینا چاہیے کہ ان حملوں کے پیچھے بھارت ہے۔ بھارت نے نہ صرف ان کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی بلکہ دہشت گردوں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کی۔ ہمارے پاس تمام شواہد موجود ہیں کہ دہشت گرد کہاں سے آپریٹ کر رہے ہیں، کن لوگوں سے ملتے ہیں اور کس طرح انہیں مالی اور لاجسٹک مدد فراہم کی جاتی ہے۔ ہم ان تمام حقائق کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کی مالی معاونت کے ساتھ ساتھ حکمت عملی اور منصوبہ بندی میں بھی کردار ادا کر رہا ہے، تاہم بھارت کو اسی طرح شکست ہوگی جس طرح پہلے ہو چکی ہے۔ پوری قوم اور تمام ادارے متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرفراز بگٹی ایک بہادر اور دلیر رہنما ہیں جو فرنٹ لائن پر آ کر قیادت کر رہے ہیں اور اپنی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاش ہمارے پاس چند اور سرفراز بگٹی ہوتے تو اس ملک سے دہشت گردی چند دنوں میں ختم ہو سکتی تھی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بتایا کہ دہشت گردوں نے گوادر میں لیبر کالونی میں گھس کر ایک بلوچ خاندان کی خواتین اور بچوں کو بے دردی سے شہید کیا، جو ان کی سفاکیت کا واضح ثبوت ہے۔

وزیراعلیٰ نے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام مصروفیات چھوڑ کر کوئٹہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا ہے اور تمام غازیوں اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ اس طرح کے دس حملے بھی ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ شہداء کے خاندانوں کے حوصلے بلند ہیں اور ریاست ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے