میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظورعلی جوئیہ کی رپورٹ) معصوم کمسن دلشیر برڑو کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کے لرزہ خیز واقعے کے خلاف شہری اتحاد میہڑ کے چیئرمین نیاز علی برڑو نے منگل کے روز نیشنل ہائی وے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ میہڑ کے بی سیکشن تھانے کی حدود گھاڑی روڈ، اسحاق ٹاؤن میں مدرسے کے 12 سالہ طالب علم دلشیر برڑو کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا تھا اور ملزمان اس کی لاش مویشیوں کے باڑے کے قریب پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔ اس افسوسناک واقعے پر جی ڈی اے کے رہنما اور شہری اتحاد میہڑ کے چیئرمین نیاز علی برڑو نے مقتول کے والد امیر بخش برڑو اور چچا احمد علی برڑو کے ہمراہ برڑو ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیاز علی برڑو نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی دل دہلا دینے والا ہے، مگر افسوس کا مقام ہے کہ ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر قاتلوں کو کیفرِ کردار تک نہ پہنچایا گیا تو منگل کے روز نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے کر اسے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری مقامی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے