اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) چیف منسٹر ڈائیلسز پروگرام کے تحت ٹی ایچ کیو ہسپتال رینالہ خورد میں ڈائیلسز سنٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرہ، ایم پی اے چوہدری جاوید علاؤالدین، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، اسسٹنٹ کمشنر انعم علی خان اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار سمیت دیگر متعلقہ افسران اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے نئے ڈائیلسز وارڈ کا معائنہ کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ڈائیلسز وارڈ کی بروقت تکمیل پر ڈپٹی کمشنر اور ایم ایس کی کاوشوں کو سراہا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس دوران مریضوں نے مقامی سطح پر ڈائیلسز سنٹر کے قیام پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات کی تعریف کی اور انہیں دعائیں دیں۔

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شعبہ صحت میں کوالٹی سروسز کی دستیابی کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور اس سنٹر کے قیام میں عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے مرحلے میں ہسپتال کو مزید دس ڈائیلسز مشینیں فراہم کی جائیں گی جس سے گردوں کے مریضوں کو اپنے ہی شہر میں علاج کی جدید اور مفت سہولت میسر ہوگی۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں جلد ہزاروں نئے ڈاکٹرز اور سپیشلسٹ بھرتی کیے جائیں گے جبکہ ڈاکٹروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے کے پی آئیز وضع کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایل پی سسٹم کے ذریعے مریضوں کو تمام ضروری ادویات مفت دی جائیں گی اور چھوٹے شہروں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی سے ہسپتالوں کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے