ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی رجسٹرار وفاقی محتسب فیصل آباد زون یاسر شبیر ملک نے ایس ای لیسکو آفس ننکانہ صاحب میں وفاقی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کی سماعت کی، جہاں مجموعی طور پر 45 درخواست گزاروں کے مسائل سن کر انہیں ریلیف فراہم کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کھلی کچہری کے دوران لیسکو سے متعلق 29، سوئی گیس کے حوالے سے 10 جبکہ نادرا، پاسپورٹ آفس اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت دیگر وفاقی محکموں سے متعلق شکایات زیر سماعت آئیں۔ ڈپٹی رجسٹرار نے تمام فریقین کا مؤقف تفصیل سے سنا اور موقع پر ہی متعدد شکایات کے ازالے کے احکامات جاری کیے، جس سے درخواست گزاروں کو فوری ریلیف ملا۔
اس موقع پر یاسر شبیر ملک نے وفاقی محکموں کے افسران اور نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اسلوبی اور احترام سے پیش آئیں اور عوامی مسائل کے بروقت حل کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت نہ صرف سرکاری فریضہ ہے بلکہ ایک نیکی بھی ہے جسے پوری دیانت داری سے انجام دیا جانا چاہیے۔
ڈپٹی رجسٹرار نے مزید بتایا کہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایات کے تحت دور دراز علاقوں میں خود جا کر عوامی شکایات سننے کا مقصد یہ ہے کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر آسان، شفاف اور فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام وفاقی محکموں سے متعلق اپنی شکایات بلامعاوضہ اور نہایت آسان طریقے سے وفاقی محتسب کے پاس درج کروا سکتے ہیں، جن پر کم ترین وقت میں شفاف انداز میں کارروائی کر کے ریلیف دیا جاتا ہے۔
کھلی کچہری میں شریک شہریوں نے وفاقی محتسب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے عوام دوست اقدامات سے سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہوگا اور عوامی مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی۔