ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈیرہ غازی خان میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے رکشہ پرچی کے نظام کے تحت رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی، غنڈہ گردی اور لڑائی جھگڑا معمول بن گیا ہے، جس کے باعث غریب رکشہ ڈرائیور شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق پرچی عملے کا رویہ نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ معمولی باتوں پر تلخ کلامی کرتے ہوئے بات ہاتھا پائی تک پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔

رکشہ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر محنت مزدوری کر کے اپنے اہلِ خانہ کا پیٹ پالتے ہیں، تاہم میونسپل کارپوریشن کے عملے کی جانب سے آئے روز ہراساں کیا جانا ان کے لیے باعثِ اذیت بن چکا ہے۔ ڈرائیوروں کے مطابق پرچی کے عملے کا رویہ توہین آمیز ہوتا ہے، سوال کرنے یا وضاحت مانگنے پر بدتمیزی کی جاتی ہے اور بعض اوقات بلاجواز دباؤ بھی ڈالا جاتا ہے۔

متاثرہ رکشہ ڈرائیوروں نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رکشہ پرچی کے نظام کا فوری نوٹس لیا جائے، اسے شفاف اور منظم بنایا جائے اور عملے کو سختی سے پابند کیا جائے کہ وہ عوام کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حالات یہی رہے تو غریب طبقہ مزید مسائل کا شکار ہو جائے گا۔

عوامی حلقوں نے بھی میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ ناروا سلوک بند کرایا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو اور محنت کش طبقہ سکھ کا سانس لے سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے