اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت مفادِ عامہ کے پیش نظر حکومتِ پنجاب کے گڈ گورننس اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نور محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید، ایس این اے افضال حسین بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پرائس کنٹرول میکانزم، ستھرا پنجاب مہم، تجاوزات کے خلاف جاری اور آئندہ سخت کارروائیوں، شہر کی خوبصورتی کے لیے جاری ڈویلپمنٹ اسکیمز، پارکس کی تزئین و آرائش اور وزیراعلیٰ پنجاب کے دیگر گڈ گورننس اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر مکمل سنجیدگی، شفافیت اور تسلسل کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی خدمت کی واضح پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور انہی گائیڈ لائنز کے مطابق حکومتِ پنجاب فلاحِ عامہ کے لیے وسیع اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، لوگوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک انداز اپنائیں اور حکومتی پالیسیوں کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔