ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فائر سیفٹی اقدامات کو عملی شکل دینے کے لیے ریسکیو 1122 کی جانب سے ننکانہ صاحب لاری اڈا کے قریب واقع رحمت سنٹر میں فائر سیفٹی موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس موک ایکسرسائز کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 محمد اکرم پنوار نے کی، جس میں ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز اور ایمرجنسی ٹیموں نے فرضی آتشزدگی کی صورتحال میں بروقت رسپانس، ریسکیو اور فائر فائٹنگ کا بھرپور عملی مظاہرہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا، ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہا اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید بہتر انداز میں ادا کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کمرشل عمارتوں، مارکیٹوں اور ہائی رائز بلڈنگز میں فائر سیفٹی آلات کی دستیابی، کلیئر ایگزٹ و انٹری پوائنٹس اور حفاظتی سائن ایج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر لائحہ عمل اور حفاظتی انتظامات نا مکمل ہونے کی صورت میں متعلقہ عمارت کو سیل کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ فائر سیفٹی ضوابط پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ ادارے باقاعدگی سے فائر ڈرلز اور موک ایکسرسائزز کا انعقاد یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر فائر سیفٹی کے حوالے سے آگاہی انتہائی ضروری ہے، جس کے لیے انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موک ایکسرسائز کا مقصد کسی بھی ممکنہ آتشزدگی کی صورت میں فوری رسپانس، ریسکیو آپریشن اور فائر فائٹنگ کے طریقہ کار کو جانچنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 جدید آلات اور تربیت یافتہ عملے کے ساتھ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ فائر ایمرجنسی کے تناظر میں ضلع بھر میں فائر سیفٹی اقدامات، فائر آڈٹ اور موک ایکسرسائزز کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے