ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈی پی او ننکانہ فراز احمد کی ہدایات پر تھانہ سٹی ننکانہ پولیس نے بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو روز قبل 40 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے چوری شدہ گاڑی برآمد کر لی ہے۔ اس کارروائی کو ننکانہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم عدیل اسلم نے تھانہ سٹی کے علاقہ کرمانوالا کوٹ شورہ کوٹھی روڈ سے رینٹ اے کار کے ذریعے حاصل کی گئی گاڑی چوری کی اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا اور جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت کی مدد سے قلیل وقت میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عدیل اسلم ایک ریکارڈ یافتہ ملزم ہے جس کے خلاف اغواء سمیت 5 مقدمات درج ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے اور ننکانہ پولیس شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے