ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب ضلعی پولیس کی لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے قومی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ پولیس کا نام روشن کر دیا۔ اس کامیابی پر ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے اپنے دفتر میں لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم کو اعزازی شیلڈ، تعریفی سند اور نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم محکمہ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی کامیابی دیگر اہلکاروں خصوصاً خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے نیشنل گیمز اور نیشنل چیمپیئن شپ 2025 کے سلسلے میں کراچی میں ہونے والے سوفٹ بال مقابلوں میں حصہ لیا، جہاں انہوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو برانز میڈلز اپنے نام کیے۔ سدرہ نسیم اس وقت پولیس خدمت مرکز ننکانہ میں تعینات ہیں اور اپنے محکمانہ فرائض بھی نہایت ذمہ داری اور محنت سے سرانجام دے رہی ہیں۔

اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت نے بھی لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے تعریفی سند پیش کی۔ ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ننکانہ پولیس کے اہلکار ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی پولیس آئندہ بھی لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے ملنے والی عزت افزائی اور افسران کے تعاون پر وہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام خواتین کو یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ چاہے کوئی بھی میدان ہو، ہمت، عزم اور لگن کے ساتھ کام کیا جائے تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ انہوں نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔

تقریب میں انچارج پولیس خدمت مرکز ریاست گجر اور دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے