بہاولپور (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان) مسافر خانہ کے قریب کلاں والا اسٹیشن پر ٹریکٹر کو دھکا لگاتے ہوئے افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک 25 سالہ نوجوان ٹرالی کی ٹکر لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع صبح 9 بجکر 22 منٹ پر موصول ہوئی، جس پر ریسکیو 1122 کی ٹیم (BPA-15) فوری طور پر روانہ ہوئی اور طویل فاصلہ ہونے کے باوجود 23 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ریسکیو اسٹاف کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق 25 سالہ محمد سرفراز ولد غلام مصطفیٰ اپنے گھر کے قریب ٹریکٹر کو دھکا لگا رہا تھا کہ اس دوران اچانک تار نکلنے یا تکنیکی خرابی کے باعث وہ بے قابو ہو کر ٹرالی سے جا ٹکرایا۔ ٹرالی کی ٹکر کے نتیجے میں نوجوان کے سر پر شدید چوٹ آئی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر طبی معائنہ کیا اور وائٹلز چیک کیے، تاہم نوجوان موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔
واقعے کے بعد متوفی کے لواحقین نے قانونی کارروائی اور لاش کو اسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی مکمل کر کے آپریشن ختم کر دیا۔ کلاں والا بہاولپور کے رہائشی نوجوان کی اچانک موت پر علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے اور گھر میں کہرام مچ گیا ہے۔