گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گاؤں بیلو میرپور پولیس تھانے کے ایس ایچ او قابل بھائی پر نثار سمیجو کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مقتول کے ورثاء نے ایس ایس پی گھوٹکی کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کنندگان کا کہنا تھا کہ نثار سمیجو کے ساتھ ہونے والا مقابلہ مکمل طور پر جعلی تھا اور اسے پہلے گرفتار کر کے جان بوجھ کر قتل کیا گیا۔ ان کے مطابق مقتول پر کوئی سنگین الزام ثابت نہیں ہوا تھا مگر پولیس نے ناجائز طاقت استعمال کر کے ایک بے گناہ نوجوان کو ہلاک کر دیا۔
ورثاء نے ایس ایچ او قابل بھائی اور بیلو میرپور پولیس عملے کو براہ راست قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ واقعے کے بعد حقیقت چھپانے کے لیے جعلی مقابلے کا ڈرامہ رچایا گیا۔ احتجاج کنندگان نے غیر جانبدارانہ تحقیقات، ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی اور انصاف کا مطالبہ کیا، ورنہ احتجاج وسیع کرنے کی دھمکی دی۔