شکارپور(کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری)ضلع شکارپور کے تھانہ لکھی غلام شاہ کے ایس ایچ او شہید خمیسو خان بروہی کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز شکارپور میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج ناصر آفتاب، ایس ایس پی شکارپور، ڈپٹی کمشنر، رینجرز کے افسران سمیت پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ شہید افسر کے ورثاء، عزیز و اقارب، دوست احباب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج ناصر آفتاب نے کہا کہ سندھ پولیس کے افسران اور جوان امن و امان کی بحالی کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو اپنے شہداء پر فخر ہے اور قیامِ امن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ شرکاء نے شہید خمیسو خان بروہی کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔