سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیورورپورٹ) وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف کی جانب سے اپنے آبائی شہر سیالکوٹ کے کنٹونمنٹ علاقے میں ایک مبینہ پیزا ہٹ آؤٹ لیٹ کے افتتاح نے عالمی سطح پر ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے، جس کے بعد "انڈیا ٹوڈے” سمیت بین الاقوامی میڈیا نے بھی اس واقعے کو شہ سرخیوں میں جگہ دی ہے۔ وفاقی وزیر نے منگل کے روز پورے اعتماد کے ساتھ فیتہ کاٹا، کیمرے چلتے رہے اور آؤٹ لیٹ پر پیزا ہٹ کی معروف سرخ چھت کا لوگو اور مکمل برانڈنگ اس طرح موجود تھی کہ وہ دیکھنے میں بالکل اصل معلوم ہو رہی تھی، تاہم چند ہی گھنٹوں بعد عالمی فوڈ چین پیزا ہٹ کی مقامی انتظامیہ نے اس برانچ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے کمپنی کے لیے بڑی شرمندگی کا باعث قرار دے دیا۔

پیزا ہٹ پاکستان کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری ایک باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیالکوٹ کینٹ میں کھولا گیا آؤٹ لیٹ پیزا ہٹ کے نام، شناخت اور ٹریڈ مارک کا غیر مجاز اور غلط استعمال کر رہا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا کہ اس آؤٹ لیٹ کا نہ تو پیزا ہٹ پاکستان اور نہ ہی اس کی عالمی پیرنٹ کمپنی یم! برانڈز (Yum! Brands) سے کوئی قانونی یا انتظامی تعلق ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ نام نہاد آؤٹ لیٹ نہ تو پیزا ہٹ انٹرنیشنل کی مستند تراکیب پر عمل کرتا ہے اور نہ ہی وہاں معیار، کوالٹی کنٹرول اور فوڈ سیفٹی کے آپریشنل اصولوں کو مدنظر رکھا گیا ہے، جس کی وجہ سے صارفین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔

اس ہائی پروفائل افتتاح کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے فوری نشاندہی کی کہ سیالکوٹ کا یہ مقام پیزا ہٹ پاکستان کی آفیشل اسٹور لسٹ میں شامل ہی نہیں۔ کمپنی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں صرف 16 مستند اور قانونی اسٹورز کام کر رہے ہیں، جن میں سے 14 لاہور اور 2 اسلام آباد میں واقع ہیں، جبکہ سیالکوٹ میں ان کا کوئی مجاز نمائندہ نہیں۔ پیزا ہٹ پاکستان نے ٹریڈ مارک کی اس سنگین خلاف ورزی پر متعلقہ حکام کو باقاعدہ شکایت درج کرا دی ہے تاکہ برانڈ کی ساکھ کو بچایا جا سکے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا اور مقامی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس واقعے کو لے کر میمز اور طنزیہ تبصروں کی بھرمار ہے، جہاں کئی افراد یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ایک وفاقی وزیر نے کسی کمرشل آؤٹ لیٹ کی اصل حیثیت کی تصدیق کیے بغیر اس کا افتتاح کیسے کر دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے