اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت شہر کی خوبصورتی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ساڑھے تین ارب روپے کے میگا بیوٹیفیکیشن پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج اور ایم پی اے میاں منیر نے مشترکہ طور پر اس بڑے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس میگا اسکیم کے تحت اوکاڑہ کے قدیمی اور مرکزی بازاروں کو روایتی انداز میں خوبصورت اور دلکش بنایا جائے گا، جبکہ اگلے دو ماہ کے قلیل عرصے میں شہر کی حالت یکسر تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے مرکزی حصے کی بحالی کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جو شہریوں کے لیے ایک بڑا تحفہ ثابت ہو گی۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ اوکاڑہ کی خوبصورتی کے لیے پنجاب بھر میں ریکارڈ فنڈز فراہم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے اسے صوبے کا ایک ماڈل شہر بنایا جائے گا۔ منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایم پی اے میاں منیر نے واضح کیا کہ بازاروں کی دیدہ زیب آرائش کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے لیے نئی سیوریج لائنیں بھی ڈالی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف شہر کی رعنائیاں بحال ہوں گی بلکہ تاجروں اور عوام کو بھی بہترین سفری و کاروباری ماحول میسر آئے گا۔ تقریب کے اختتام پر شہر کی ترقی اور منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے