ڈھاکا (کیو این این ورلڈ) بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے آئی سی سی سے اپنے میچز کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔ ڈھاکا میں آئی سی سی وفد کے ساتھ ہونے والی اہم میٹنگ کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق بنگلادیشی حکام نے واضح کیا ہے کہ حکومتی ہدایات اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ٹیم کو بھارت بھیجنا ممکن نہیں، اس لیے میچز کے لیے متبادل وینیو تلاش کیا جائے۔ میٹنگ کے دوران لاجسٹک معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلادیش کو کسی دوسرے گروپ میں منتقل کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا تاکہ ٹیم کے میچز کسی محفوظ مقام پر منعقد ہو سکیں۔
بی سی بی کے مطابق آئی سی سی وفد کے ساتھ گفتگو خوشگوار اور پیشہ ورانہ ماحول میں ہوئی جس میں کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی پروٹوکولز پر اپنے تحفظات کھل کر بیان کیے۔ آئی سی سی کے وفد میں جنرل منیجر ایونٹس گوروو سکسینہ (جو ویزا تاخیر کے باعث آن لائن شریک ہوئے) اور جنرل منیجر انٹیگریٹی یونٹ اینڈریو ایفرگریو شامل تھے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فریقین نے اس حساس معاملے پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ ایونٹ کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ بنگلادیش کے اس سخت مؤقف نے ورلڈ کپ کے شیڈول اور بھارتی انتظامیہ کے لیے نئی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔