میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ کی رپورٹ ) میہڑ میں پیش آنے والے خونریز واقعے کے تین مقتولین سابق یو سی چیئرمین رئیس کرم اللہ چانڈیو، ان کے بیٹے سابق نائب ناظم تمندار مختیار چانڈیو اور سابق ضلع کونسل ممبر قابل چانڈیو کی آٹھویں برسی انتہائی سادگی کے ساتھ گل کالونی، فرید آباد روڈ پر واقع تمندار ہاؤس میں منائی گئی۔ اس موقع پر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی، جس کے بعد اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب نے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور مرحومین کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

برسی کے موقع پر مقتولین کی وارث ام رباب چانڈیو نے ہاتھ میں دیا لے کر علامتی طور پر انصاف کی شمع روشن کی اور اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے آخری دم تک جدوجہد جاری رکھیں گی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ام رباب چانڈیو کا کہنا تھا کہ ان کے والد، دادا اور چچا کو صرف اس جرم میں قتل کیا گیا کہ انہوں نے ظالمانہ سرداری نظام کی غلامی قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں سے وہ انصاف کے حصول کے لیے عدالتوں کے چکر کاٹ رہی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ایک دن عدلیہ سے انہیں انصاف ضرور ملے گا۔ ام رباب نے مزید کہا کہ سندھ کی عوام اب بیدار ہو چکی ہے اور وہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، سرداری نظام کے خاتمے تک ان کی یہ قانونی اور اخلاقی جنگ جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے