کراچی/ حیدرآباد (کیو این این ورلڈ) کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے پانچ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ایس ایس پی ملیر خالق پیرزادہ کے مطابق یہ واقعہ شیدی گوٹھ پل کے قریب اس وقت پیش آیا جب پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے دوران ایک گولی پولیس اہلکار کے سینے پر لگی تاہم بلیٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ نکلے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کر لی ہے اور فرار ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حیدرآباد نے جامشورو میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ خفیہ ادارے کی اطلاع پر ایک گھر پر مارے گئے چھاپے کے دوران کالعدم تنظیم کے بینرز، پمفلٹس، پلے کارڈز اور بھاری مقدار میں پاکستان مخالف مواد برآمد کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام سامان 17 جنوری کو ریاست مخالف تقاریر، نعرے بازی اور جلسے جلوسوں میں استعمال کیا جانا تھا تاکہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق ملزمان اس روز ہنگامہ آرائی کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے ملک دشمن عناصر کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد اہم کامیابیوں کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔