اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے عروس البلاد کراچی کو خیرباد کہہ کر مستقل طور پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد منتقل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی تصدیق انہوں نے خود کر دی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کراچی چھوڑ کر اسلام آباد میں سکونت اختیار کرنے کا فیصلہ انہوں نے چند ناگزیر ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیا ہے۔ اس موقع پر ان کی سیاست میں شمولیت کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے واضح کیا کہ انہیں ماضی میں بھی کئی بار اہم حکومتی عہدوں کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے ہمیشہ ایسی ذمہ داریوں سے گریز کیا اور وہ اب بھی فی الحال سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ انہیں جو عزت، مقام اور عالمی شناخت ملی ہے وہ سب پاکستان اور پاکستان کرکٹ کی بدولت ہے، اس لیے اب ان کی دلی خواہش ہے کہ وہ اپنے تجربے اور صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کرکٹ اور اپنے ملک کو کچھ واپس لوٹا سکیں۔ یاد رہے کہ شاہد آفریدی پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فتح میں سیمی فائنل اور فائنل میں مردِ میدان کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ 2011 کے ورلڈ کپ میں ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ ان کی اسلام آباد منتقلی کو اسپورٹس سرگرمیوں اور سماجی کاموں کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔