لاہور (کیو این این ورلڈ) محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کے بڑے خطرات کے پیشِ نظر صوبے کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ہفتے کے دوران 49 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں لاہور سے پکڑا جانے والا بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ بھی شامل ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار بھارتی ایجنٹ کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور حساس و اہم سرکاری عمارتوں کے نقشے برآمد ہوئے ہیں، جبکہ دیگر دہشت گردوں سے خودکش جیکٹیں بنانے کا سامان، دھماکہ خیز مواد اور دستی بم بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔ یہ کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، چکوال، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور فیصل آباد میں کی گئیں، جہاں دہشت گرد اہم تنصیبات اور عوامی مقامات کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔
حکام نے مزید انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 6131 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 2 لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور مجموعی طور پر 599 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف یہ کریک ڈاؤن نیٹ ورک کی مکمل بیخ کنی تک جاری رہے گا تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔ تمام گرفتار دہشت گردوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید نیٹ ورکس کی موجودگی کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔