اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان میں روس کے سفارتخانے نے صدر ولادیمیر پیوٹن کی پاک روس تعلقات کے حوالے سے اہم گفتگو جاری کی ہے جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ یہ گفتگو اس وقت سامنے آئی جب پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روسی صدر کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے روسی صدر ولادی میر پوتن نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات حقیقی معنوں میں باہمی طور پر مفید ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی علاقائی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا مکمل رکن ہے، جو اس وقت خطے کی سب سے بڑی اور اہم ترین علاقائی تنظیم کے طور پر ابھری ہے۔
سفیرِ پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ مستقبل میں اسے مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس میں مقیم پاکستانی برادری کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یاد رہے کہ فیصل نیاز ترمذی نے اکتوبر 2025 میں روس میں بطور پاکستانی سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، جس کے بعد سے دونوں ممالک کے سفارتی اور معاشی تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ روسی قیادت کی جانب سے اس مثبت پیغام کو سفارتی حلقوں میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔