واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی انتظامیہ نے گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران امریکہ میں غیر قانونی داخلے کو مکمل طور پر روک دیا ہے اور وہ پاکستان و بھارت سمیت دنیا کی آٹھ بڑی جنگیں رکوانے میں کامیاب رہے ہیں۔ پام بیچ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک سال قبل امریکی معیشت بے جان تھی لیکن آج وہاں کروڑوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم نے میرے متعلق جو تعریفی کلمات کہے اور یہ اعتراف کیا کہ میں نے کروڑوں جانیں بچائیں، وہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ایران کے معاملے پر صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ نے ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کر دیا ہے، تاہم انہوں نے ایران پر حملہ نہ کرنے کا فیصلہ کسی کے دباؤ پر نہیں بلکہ اپنی صوابدید پر کیا۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ان خبروں کی تردید کی کہ انہیں عرب یا اسرائیلی حکام نے ایران پر حملے سے روکا، ان کا کہنا تھا کہ "کسی نے مجھے قائل نہیں کیا، میں نے خود اپنے آپ کو قائل کیا”۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ٹروتھ سوشل’ پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کی قدر کرتے ہیں کہ ایران نے ان 800 افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا ہے جنہیں گزشتہ روز پھانسی دی جانی تھی۔ اگرچہ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز اور برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور خلیجی ممالک بشمول سعودی عرب، قطر اور عمان کی سفارتی کوششوں کے باعث ٹرمپ نے آخری لمحات میں حملے کا فیصلہ تبدیل کیا، تاہم صدر ٹرمپ نے ان تمام رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے اسے اپنا ذاتی فیصلہ قرار دیا تاکہ تہران کو مثبت عمل کا موقع مل سکے۔