ممبئی (کیو این این ورلڈ) بھارتی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے بالی ووڈ اداکارہ خوشی مکھرجی کے خلاف سخت قانونی قدم اٹھاتے ہوئے ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوریا کمار یادیو نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک متنازع بیان کے بعد یہ کارروائی کی ہے جس میں انہوں نے اداکارہ سے 100 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔ خوشی مکھرجی نے حالیہ دنوں میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی کپتان انہیں اکثر پیغامات بھیجا کرتے تھے، تاہم سوریا کمار کی قانونی ٹیم نے ان الزامات کو سراسر جھوٹا، بے بنیاد اور کرکٹر کی عالمی ساکھ کو دانستہ نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
سوریا کمار یادیو کے وکلاء کا کہنا ہے کہ اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت موجود نہیں اور اس طرح کے غیر مصدقہ بیانات کسی بھی عوامی شخصیت کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو شدید متاثر کر سکتے ہیں۔ قانونی ٹیم نے مزید واضح کیا کہ مشہور شخصیات کو نشانہ بنا کر بغیر ثبوت الزامات لگانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ اس سے عوام میں غلط تاثر بھی پیدا ہوتا ہے۔ ان کے مطابق اپنی ساکھ کی حفاظت کے لیے ایسے اقدامات کے خلاف قانونی کارروائی اب ضروری ہو چکی ہے تاکہ مستقبل میں سستی شہرت کے لیے کسی کی کردار کشی نہ کی جا سکے۔ بھارتی کرکٹر کی جانب سے اس سخت ردِعمل کے بعد سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔