لاہور (کیو این این ورلڈ) حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر کے تمام سرکاری سکولوں کے لیے نئے اور نظرثانی شدہ اوقاتِ کار کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ان نئے اوقات کا اطلاق 19 جنوری سے 15 اپریل 2026 تک ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے تحت سنگل شفٹ سکولوں میں پیر سے جمعرات تک طلبہ کے لیے تعلیمی اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بج کر 15 منٹ تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز تدریسی عمل صبح 10 بجے شروع ہو کر دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ختم ہوگا۔

ڈبل شفٹ سکولوں کے لیے جاری کردہ شیڈول کے مطابق مارننگ شفٹ صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کام کرے گی، جبکہ آفٹر نون شفٹ کا وقت دوپہر 2 بج کر 15 منٹ سے شام 4 بج کر 45 منٹ تک مقرر کیا گیا ہے۔ اساتذہ کے لیے پیر تا جمعرات اوقاتِ کار میں خصوصی توسیع کی گئی ہے جس کا مقصد انہیں سی پی ڈی (CPD)، تربیتی پروگرامز اور نصابی تیاریوں کے لیے اضافی وقت فراہم کرنا ہے۔ مزید برآں، نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہر متبادل ہفتہ (Alternate Saturday) کو تمام اساتذہ کی سکول میں حاضری لازمی ہوگی تاکہ وہ پیشہ ورانہ سرگرمیاں مکمل کر سکیں۔

حکومت نے سی ای اوز (CEOs) ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان نئے اوقات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں، تاہم لڑکوں اور لڑکیوں کے سکولوں کے اوقات میں 15 منٹ کی ایڈجسٹمنٹ کا اختیار مقامی سطح پر دیا گیا ہے تاکہ آمد و رفت میں آسانی رہے۔ یہ تبدیلیاں موسم کی شدت اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے پیشِ نظر کی گئی ہیں تاکہ اساتذہ اور طلبہ دونوں کو یکساں سہولت میسر آ سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے