اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو باضابطہ طور پر ایوان میں اپوزیشن لیڈر بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسپیکر نے آغاز میں ہی واضح کیا کہ آج وقفہ سوالات نہیں ہوگا، جس کے بعد انہوں نے اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو نوٹیفکیشن کی وصولی کے لیے اپنے چیمبر میں طلب کیا اور بعد ازاں محمود خان اچکزئی کی بطور قائدِ حزبِ اختلاف نامزدگی کا باقاعدہ اعلان کیا۔
اجلاس کے دوران قانون سازی کا عمل بھی تیزی سے جاری رہا اور وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے متعدد اہم بلز اور آرڈیننسز ایوان میں پیش کیے۔ ان میں پاکستان نرسنگ کونسل آرڈیننس، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ ترمیمی بل 2026، درآمدات و برآمدات ایکٹ ترمیمی بل اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن تنظیم نو ترمیمی بل شامل تھے۔ اس کے علاوہ لائف انشورنس نیشنلائزیشن ترمیمی بل، ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل 2026، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل، متبادل تنازع جاتی تصفیہ ترمیمی بل اور علاقہ دارالحکومت اسلام آباد ملکیت و انتظام بل بھی ایوان کی کارروائی کا حصہ بنے۔ یہ تمام ترامیم اور بلز وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں اصلاحات لانے کے مقصد سے پیش کیے گئے ہیں۔