پشاور (کیو این این ورلڈ) چارسدہ کے علاقے اتمان زئی میں گیس سلنڈر پھٹنے کے خوفناک واقعے میں دو کمسن بچے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ ان کا والد شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اتمان زئی کے محلہ طارق آباد میں اس وقت پیش آیا جب گھر میں موجود گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی زد میں آکر ایک بیٹا اور ایک بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشوں اور شدید زخمی والد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں زخمی شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اس ہولناک حادثے کے بعد علاقے میں گہرے رنج و غم اور خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے اور بڑی تعداد میں اہل علاقہ افسوس ظاہر کرنے کے لیے متاثرہ گھر کے باہر جمع ہو گئے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سردیوں کے موسم میں گیس کے آلات اور سلنڈر استعمال کرتے وقت احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس طرح کے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے