بہاولپور (کیو این این ورلڈ) خیرپور ٹامیوالی میں 16 سالہ لڑکی کی لاش کو قبر سے نکال کر بے حرمتی کرنے والا مبینہ ملزم پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق اتوار کی شام ایک 16 سالہ لڑکی کو سپردِ خاک کیا گیا تھا، تاہم پیر کی صبح اس کی لاش قبر سے غائب پائی گئی جسے مبینہ طور پر بے حرمتی کے بعد قریبی کھیتوں میں پھینک دیا گیا تھا۔ اس ہولناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور شک کی بنیاد پر کالا جادو کرنے والے ایک ملزم کو حراست میں لیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر جب دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا تو وہاں موجود ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آکر زیرِ حراست ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور لڑکی کے اہل خانہ سمیت علاقہ مکینوں سے بھی تفتیش جاری ہے۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ لڑکی کی موت طبعی تھی، اسے کرنٹ لگا تھا یا اسے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس ترجمان نے واضح کیا ہے کہ لڑکی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے اور فرانزک رپورٹ آنے کے بعد حقائق مزید واضح ہو جائیں گے، جس کی روشنی میں مقدمے میں مزید دفعات شامل کی جائیں گی۔ علاقے میں تاحال تناؤ کی کیفیت برقرار ہے اور پولیس مفرور ملزمان کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے تاکہ اس غیر انسانی فعل میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے