تہران (کیو این این ورلڈ) ایرانی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تازہ دھمکیوں اور اشتعال انگیز بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ایرانی عوام کا اصل قاتل قرار دے دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک دو ٹوک پیغام میں علی لاریجانی نے واضح کیا کہ ایران کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنے والی غیر ملکی قوتیں ہی ملک میں بے امنی اور خون ریزی کی ذمہ دار ہیں۔ ایرانی اعلیٰ عہدیدار کا یہ بیان امریکی صدر کے اس پیغام کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ٹرمپ نے ایرانی عوام کو بغاوت پر اکساتے ہوئے سرکاری اداروں کا کنٹرول سنبھالنے کی ترغیب دی تھی اور مظاہرین کو یقین دلایا تھا کہ امریکی مدد جلد پہنچنے والی ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں ایران میں جاری احتجاج کو ہوا دیتے ہوئے مظاہرین سے کہا تھا کہ وہ ‘قاتلوں’ کے نام محفوظ رکھیں کیونکہ انہیں جلد حساب دینا ہوگا، جس پر تہران میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ علی لاریجانی نے اپنے ردعمل میں عالمی برادری کو باور کروایا کہ امریکہ اور اسرائیل خطے میں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے ایرانی شہریوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی قسم کی غیر ملکی مداخلت یا بغاوت کی کوشش کو سختی سے کچل دیا جائے گا اور دشمن کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ اس تنازع نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو ایک نئی اور خطرناک سطح پر پہنچا دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے