لاہور، فیصل آباد، ملتان اور روہڑی سمیت مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کو عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر بند کر دیا گیا۔
پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں بشمول لاہور، فیصل آباد، ملتان اور روہڑی میں شدید دھند کے باعث شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر متعدد موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم-2 لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم-3 فیض پور سے رجانہ تک، اور ایم-4 فیصل آباد سے ملتان تک شدید دھند کی وجہ سے بند ہے۔ (کیو این این ورلڈ) اسی طرح موٹروے ایم-5 ملتان سے روہڑی اور موٹروے ایم-11 لاہور سے سمبڑیال تک بھی دھند کے باعث مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے، جبکہ قومی شاہراہ پر میاں چنوں، خانیوال، لودھراں، بہاولپور اور رحیم یار خان سمیت دیگر مقامات پر حدِ نگاہ شدید متاثر ہونے سے ٹریفک کی روانی سست ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے لیے دن کے اوقات، خصوصاً صبح 10 سے شام 6 بجے تک کے وقت کو ترجیح دیں کیونکہ یہ اوقات نسبتاً محفوظ ہیں۔ ڈرائیور حضرات کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، لہٰذا غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا رہنمائی کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔