راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں اپنی جنگی صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ایل وائے 80 این (LY-80N) ایئر ڈیفنس میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس نے طویل فاصلے پر موجود فضائی ہدف کو درستگی کے ساتھ تباہ کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس جامع بحری مشق کے دوران جدید ٹیکنالوجی اور بغیر پائلٹ نظاموں کا بھرپور استعمال کیا گیا، جو پاک بحریہ کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مشق میں لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سمندری سطح پر موجود اہداف کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے دشمن کے کسی بھی ممکنہ حملے کو ناکام بنانے کی صلاحیت کا امتحان لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان مشقوں کی ایک اہم خاصیت بغیر پائلٹ سطحی جہاز (USV) کے کامیاب اوپن سی ٹرائلز تھے، جس نے تیز رفتاری، اعلیٰ درجے کے کنٹرول اور سمندر کی موسمی سختیوں میں اپنی بہترین کارکردگی ثابت کر دی ہے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے ان بحری مشقوں کا خود مشاہدہ کیا اور تمام مراحل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور جدید ہتھیاروں کے موثر استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے، اور جدید ٹیکنالوجی کا حصول دفاعِ وطن کو ناقابلِ تسخیر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے