کراچی (کیو این این ورلڈ) شہر قائد میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک کامیاب اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم زینبیون بریگیڈ سے ہے جو حالیہ دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں براہِ راست ملوث رہے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ گرفتار دہشت گرد ماضی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں پکڑے جانے والے اپنے دیگر ساتھیوں کی سہولت کاری میں بھی پیش پیش رہے ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ سی ٹی ڈی نے گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے بارے میں اہم معلومات حاصل کی جا سکیں۔