لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی بیٹیاں میدان میں نکلیں گی تو صوبے کو کوئی نہیں ہرا سکتا، مائیں اور بہنیں مل کر پنجاب کی تقدیر بدل دیں گی کیونکہ یہاں کی خواتین کسی سے کم نہیں ہیں۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ان کی گورننس کا بنیادی ماڈل یہ ہے کہ حکومت خود چل کر عوام کی دہلیز تک جائے اور انہیں سہولیات فراہم کرے، اسی نظریے کے تحت اب حکومت عوام کے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جھنگ اور گوجرانوالہ میں جدید کارڈیالوجی یونٹس بننے جا رہے ہیں جبکہ پنجاب کے تمام شہروں میں کارڈیالوجی لیبز فعال ہو چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ایک ہزار کے قریب "کلینکس آن ویلز” اس وقت لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جو عوامی خدمت کی ایک بڑی مثال ہے۔