ہرارے (کیو این این ورلڈ): پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے اوپننگ بیٹر سمیر منہاس نے یوتھ ون ڈے کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے تیز ترین سنچری بنانے کا بھارتی کھلاڑی کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ہرارے میں پاکستان انڈر 19 اور میزبان زمبابوے کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل معرکے میں سمیر منہاس نے برق رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 42 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، جو اب یوتھ ون ڈے کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بن گئی ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے ویبھو سوریاونشی کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ سال جولائی میں انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری بنائی تھی، تاہم سمیر منہاس نے یہ سنگ میل 10 گیندیں قبل ہی عبور کر کے نیا عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

سمیر منہاس نے زمبابوے کے خلاف فائنل میں اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مجموعی طور پر 51 گیندوں پر 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 17 دلکش چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ نوجوان اوپنر کی اس جارحانہ اور ناقابل شکست اننگز کی بدولت پاکستان نے زمبابوے انڈر 19 کی جانب سے دیا گیا 159 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر انتہائی با آسانی حاصل کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ون ڈے ٹرائی سیریز کی ٹرافی بھی اپنے نام کر لی ہے، جبکہ سمیر منہاس کی اس تاریخی کارکردگی کو عالمی کرکٹ میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے