کوالالمپور (کیو این این ورلڈ)ملائیشیا کے 100 سالہ سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو گھر میں گرنے کے بعد طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مہاتیر محمد منگل کے روز اپنے گھر میں بالکونی سے کمرے کی جانب جا رہے تھے کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر پڑے۔ سابق وزیراعظم کے معاون صوفی یوسف نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے نیشنل ہارٹ انسٹیٹیوٹ کوالالمپور لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا۔

ہسپتال ذرائع کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ طبی معائنے کے بعد مہاتیر محمد کے دائیں کولہے کی ہڈی میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے باعث انہیں علاج اور مسلسل نگرانی کے لیے چند ہفتوں تک ہسپتال میں داخل رکھا جائے گا۔ ملائیشیا کے موجودہ وزیراعظم انور ابراہیم اور ان کی اہلیہ نے سابق وزیراعظم کے حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ واضح رہے کہ مہاتیر محمد حالیہ برسوں میں مختلف طبی مسائل کا شکار رہے ہیں اور گزشتہ سال اپنی 100ویں سالگرہ کی تقریب کے بعد بھی تھکن کی وجہ سے ہسپتال داخل رہے تھے، جبکہ وہ ماضی میں دل کی بائی پاس سرجری بھی کروا چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے