اسلام آباد:(کیو این این ورلڈ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سیگیانو سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات سمیت اہم عالمی و علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس اہم رابطے کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے بالخصوص اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سمیت دیگر کثیرالجہتی عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
رابطے کے دوران غزہ کی سنگین صورتحال اور صومالیہ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی سطح پر ہونے والی حالیہ پیشرفت اور درپیش چیلنجز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار اور ان کے انڈونیشین ہم منصب نے مستقبل میں بھی قریبی روابط برقرار رکھنے اور اہم معاملات پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ دونوں اسلامی ممالک کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔