اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کی جس میں پارلیمانی امور اور سپیکر کے حالیہ دورہ بنگلہ دیش کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ہونے والی غیر رسمی ملاقات اور وہاں پیش آنے والے غیر معمولی واقعات پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا۔ ایاز صادق نے بتایا کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے خود ان کی نشست پر آ کر اپنا تعارف کرایا اور ملاقات کی، تاہم اس دوران انہوں نے انتہائی محتاط رویہ اختیار کیا۔ ملاقات کے دوران سردار ایاز صادق نے ایک بڑا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی وفد نے انہیں بیگم خالدہ ضیاء کے جنازے میں شرکت سے زبردستی روکنے کی بھرپور کوشش کی، جو ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کا حصہ معلوم ہوتی تھی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان، مالدیپ، نیپال اور بھوٹان کے وفود کو ایک بس کے ذریعے جنازہ گاہ لایا جا رہا تھا جس میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور ان کے ہائی کمشنر فرنٹ سیٹ پر براجمان تھے۔ بس جب جنازہ گاہ پہنچی تو بھارتی ہائی کمشنر دروازے پر کھڑے ہو گئے اور انہیں نیچے اترنے سے روکتے ہوئے کہا کہ باہر رش زیادہ ہے اور آپ کو خطرہ ہو سکتا ہے اس لیے آپ نیچے نہ جائیں۔ ایاز صادق نے بتایا کہ انہوں نے بھارتی ہائی کمشنر کو سختی سے جواب دیا کہ وہ آئے ہی جنازے میں شرکت کے لیے ہیں، لہٰذا فوراً راستہ چھوڑا جائے۔ سپیکر کے مطابق جب انہوں نے غصے کا اظہار کیا تو بھارتی حکام کو دروازہ کھولنا پڑا جس کے بعد وہ نیپال اور مالدیپ کے وفود کو ساتھ لے کر نیچے اترے۔ ایاز صادق نے وزیراعظم کو بتایا کہ بھارتی وفد پوری تیاری کے ساتھ وہاں آیا تھا اور ان کی کوشش تھی کہ وہ نمازِ جنازہ میں شریک نہ ہو سکیں تاکہ اسے بعد میں ایک سیاسی ایشو بنایا جا سکے۔