دبئی:(کیو این این ورلڈ) دبئی پولیس نے عوام کو جعلی ورک ویزا اسکیموں اور ویزا فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر سخت انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ روزگار کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہیں۔ دبئی پولیس کے کرمنل انویسٹی گیشن کے اینٹی فراڈ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "ویزے کی فراڈ آفرز” کے ذریعے معصوم افراد سے بھاری رقوم لوٹی جا رہی ہیں، لہٰذا اس قسم کے ہتھکنڈوں سے بچنے کے لیے انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ بڑی تعداد میں جعل ساز گروہ روزگار کے جھوٹے وعدے اور جعلی ویزا اسپانسرشپ کے لالچ میں لوگوں سے پیسہ بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کی پیشکشوں میں کوئی حقیقت نہیں ہوتی۔

دبئی پولیس نے شہریوں اور غیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ دبئی میں نوکری صرف سرکاری چینلز اور قانونی طور پر لائسنس یافتہ ریکروٹمنٹ اداروں کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے، اس لیے غیر قانونی طریقوں سے "گارنٹی ویزے” کی پیشکش کرنے والوں سے بالخصوص ہوشیار رہیں۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ کسی بھی ویزا آفر پر ادائیگی کرنے سے پہلے متعلقہ سرکاری اداروں سے اس کی تصدیق کرنا لازمی ہے تاکہ مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی مشکوک ویزا آفر آن لائن نظر آئے یا کوئی شخص جعلی اسکیم کا شکار ہو جائے تو وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے اور اس کی اطلاع دے تاکہ ان جعل سازوں کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور دیگر افراد کو اس فراڈ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے