پشاور (کیو این این ورلڈ) خیبر پختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور بنوں میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے سنگین واقعات پیش آئے ہیں، جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں تین ٹریفک اہلکاروں سمیت چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ لکی مروت میں ٹریفک پولیس کے اہلکار معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل عبداللہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شہید اہلکاروں کی میتوں کو نورنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنوں میں بھی دہشت گردی کی ایک کارروائی میں تھانہ منڈان کی حدود کفشی خیل میں پولیس اہلکار رشید خان کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق رشید خان نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کی زد میں آکر جامِ شہادت نوش کر گئے۔ پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ بنوں ریجن میں گزشتہ چار گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر چار پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں، جس کے بعد پورے خطے میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ ان پے در پے حملوں نے سکیورٹی صورتحال پر تشویش پیدا کر دی ہے اور حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اہلکاروں کے خون سے ہولی کھیلنے والے عناصر کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔